39

بنگلہ دیش کے نئے وزیرِاعظم نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ڈھاکا(ایچ آراین ڈبلیو)بنگلہ دیش کے حالیہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے سربراہ طارق رحمان نے ملک کے نئے وزیرِاعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی پروقار تقریب دارالحکومت ڈھاکا میں واقع جاتیہ سنگساد بھابھن کے ساؤتھ پلازہ میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے نومنتخب وزیرِاعظم سے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر ملکی و غیر ملکی معززین، سفارت کاروں اور اعلیٰ سرکاری حکام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی، جبکہ مختلف ممالک کے مندوبین اور سفارتی مشنز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ تقریب کو بنگلہ دیش کی حالیہ سیاسی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل نومنتخب اراکینِ پارلیمنٹ سے چیف الیکشن کمشنر نے حلف لیا تھا، جس کے بعد حکومت سازی کا عمل مکمل ہوا۔ 12 فروری 2026 کو ہونے والے عام انتخابات میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی نے 209 نشستیں جیت کر قومی اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی بنگلادیش اور اس کے اتحادیوں نے مجموعی طور پر 77 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں