بھارت(ایچ آراین ڈبلیو)سابق بھارتی کپتان روہت شرما نے اپنی ٹیم کو پاک بھارت ٹی 20 میچ سے پہلے خبردار کیا ہے۔ایک تقریب کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں روہت شرما نے کہا کہ وہ کبھی نہیں مانتے کہ کسی ٹیم کو تورنامنٹ میں فیورٹ کہا جا سکتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ ایک مضحکہ خیز اور غیر یقینی کھیل ہے، اور پچھلے 10 سال میں بین الاقوامی کرکٹ میں بہت کچھ بدل چکا ہے۔
روہت شرما نے مزید کہا کہ ہر ٹیم کے پاس اب ٹی 20 کھیلنے کا کافی تجربہ موجود ہے، اس لیے صرف یہ سوچ کر کہ یہ ہمارے لیے آسان میچ ہے، حریف کو کم نہیں سمجھنا چاہیے۔ میچ کے دوران اچھی کرکٹ کھیلنا ضروری ہے، ورنہ خالی ہاتھ واپس جانا پڑ سکتا ہے۔
سابق کپتان نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ ماضی کے نتائج بھول جائیں اور موجودہ ٹیم کی صورتِ حال، کھلاڑیوں کی فارم اور میچ کی تیاری پر توجہ دیں، کیونکہ تورنامنٹ میں ہر ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ اتوار کو کولمبو میں شیڈول ہے، اور بھارتی ٹیم آج رات دہلی سے کولمبو پہنچے گی۔


