کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن نےسانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے سلسلے میں متعدد محکموں اور اہلکاروں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
کمیشن نے گل پلازہ کے صدر تنویر پاستا کو بھی طلب کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ نوٹسز سینیئر ڈائریکٹر لینڈ، چیف فائر افسر، ڈی سی جنوبی، ایس ایس پی سٹی، میڈیکو لیگل افسر سول اسپتال، اور ڈی آئی جی ٹریفک کو بھی جاری کیے گئے ہیں۔
مزید نوٹسز سی ای او واٹر کارپوریشن، ڈی جی ایس بی سی اے، ڈی جی ریسکیو 1122، اور سی ای او کے الیکٹرک کو بھی دیے گئے ہیں۔
کمیشن نے تمام حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 18 فروری کو کمیشن کے روبرو پیش ہوں اور سانحے کی تحقیقات میں تعاون کریں۔
کمیشن کا مقصد حادثے کے اسباب، ریسکیو آپریشن کی کارکردگی اور دیگر انتظامی خامیوں کی تفصیلی جانچ کرنا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔


