کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رہائشی پلاٹوں پر منظور شدہ نقشوں کے برخلاف غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ عدالتی اور محتسبِ اعلیٰ کے واضح احکامات کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے بلاک D میں پلاٹ نمبر C-169 پر تھرڈ فلور کی غیر قانونی تعمیر جاری ہے، جبکہ بلاک C کے پلاٹ نمبر B-256 سمیت دیگر مقامات پر بھی بلڈنگ قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کا الزام ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے بعض افسران اور فیلڈ اسٹاف کی مبینہ چشم پوشی اور ملی بھگت کے باعث یہ غیر قانونی سرگرمیاں رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔
ذرائع کے مطابق بعض تعمیرات کے خلاف محتسبِ اعلیٰ سندھ اور عدالتوں کی جانب سے انہدام کے احکامات جاری ہو چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود تاحال ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، جو قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے۔
متاثرہ رہائشیوں نے وزیر بلدیات سندھ، متعلقہ اداروں اور ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی سے مطالبہ کیا ہے کہ پورشن مافیا اور ان کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ رہائشی علاقوں کی اصل حیثیت بحال کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر غیر قانونی تعمیرات کا یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو بنیادی سہولیات، پارکنگ، سیوریج اور رہائشی امن و امان کے مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔


