کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ “یہ اتنے منافق ہیں کہ جہاں ہم کام کرتے ہیں وہاں شکریہ جماعت اسلامی لکھ دیتے ہیں۔”
میئر کراچی نے مزید طنزیہ انداز میں کہا کہ حافظ نعیم کو وہ منا بھائی فلم کی طرح جادو کی جھپی اور پھول بھیجیں گے۔
ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورنگی سے ابراہیم حیدری تک سڑک کی تعمیر کی جائے گی، جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی رواں برس شہر میں مجموعی طور پر 46 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرے گی۔ ان میں سے 13 ارب روپے اندرونی گلیوں کی تعمیر و مرمت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ “جو ہونا تھا ہو گیا، اب آگے کام کر کے دکھائیں گے۔ سب کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا تاکہ ملک ترقی کرے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ شہری ترقی کے لیے تمام اداروں کا باہمی تعاون ناگزیر ہے اور سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ دی جانی چاہیے۔


