کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کمشنر کراچی نے شہر بھر میں آٹے کی نئی سرکاری قیمتیں مقرر کر دی ہیں، جن کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کمشنر کراچی کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولر ڈھائی نمبر آٹے کی ہول سیل قیمت میں 11 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی ہول سیل قیمت 105 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ریگولر ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل قیمت بھی 11 روپے اضافے کے بعد 107 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
فائن آٹے کی ہول سیل قیمت میں 12 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 112 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ فائن آٹے کی ریٹیل قیمت 11 روپے اضافے کے بعد 115 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ چکی کے آٹے کی ریٹیل قیمت میں بھی 10 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 130 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے، جبکہ دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکام سے مہنگائی پر قابو پانے کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔


