52

بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

ڈھاکا(ایچ آراین ڈبلیو)بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، جبکہ ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ انتخابی عمل کے اختتام کے بعد نتائج کے انتظار میں سیاسی حلقوں اور عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پارلیمنٹ کی مجموعی 300 نشستوں میں سے 299 نشستوں پر براہ راست انتخابات منعقد ہوئے، جبکہ خواتین کے لیے 50 خصوصی نشستیں الگ سے مختص ہیں، جن پر نامزدگی کا عمل بعد میں مکمل کیا جائے گا۔

ان عام انتخابات میں 50 سیاسی جماعتوں کے 1 ہزار 732 امیدواروں نے حصہ لیا، جبکہ 276 آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں موجود تھے۔ ملک بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت ووٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

آئندہ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 300 میں سے کم از کم 151 نشستوں پر اکثریت حاصل کرنا لازم ہو گا۔ انتخابی نتائج آنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ بنگلہ دیش کی سیاست کس نئی سمت کی جانب بڑھتی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ انتخابات نہ صرف ملک کے مستقبل بلکہ خطے کی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں، جبکہ حتمی نتائج کا اعلان مرحلہ وار متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں