47

بحری سلامتی کی مشق “سی گارڈ-26” کراچی میں اختتام پذیر

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بحری سلامتی کی مشق سی گارڈ-26 اختتامی مرحلے میں داخل ہو گئی، جس کے سلسلے میں ایک بریفنگ اور ڈی بریف سیشن منعقد ہوا۔ اس موقع پر چیف آف اسٹاف پاکستان نیوی وائس ایڈمرل راجہ رب نواز مہمانِ خصوصی تھے۔

ڈی بریف کے دوران مشق میں شریک اداروں کے نمائندوں کو مشق کے دوران انجام دیے گئے مختلف منظرناموں کا تجزیاتی جائزہ پیش کیا گیا، جس کا مقصد بحری شعبے میں ممکنہ ہنگامی صورتحال کے دوران اداروں کے مابین معلومات کے تبادلے اور ردِعمل کے نظام کی جانچ اور بہتری تھا۔

مہمانِ خصوصی نے مشق کے مؤثر انعقاد کو سراہتے ہوئے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے کردار کی تعریف کی، جس نے تمام بحری شراکت داروں کی کوششوں کو ہم آہنگ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مسلسل رابطے اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان نیوی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر وقت مستعد ہے۔
سی گارڈ-26 اس سلسلے کی تیسری مشق تھی، جس میں پاکستان کے بحری شعبے سے تعلق رکھنے والے مختلف اداروں نے شرکت کی، جن میں سرکاری ریگولیٹری ادارے، قانون نافذ کرنے والے ادارے، نجی شعبہ اور تعلیمی ادارے شامل تھے۔ مشق کے دوران بندرگاہوں اور ساحلی دفاع، جہازوں اور بحری تنصیبات کے تحفظ، انسدادِ منشیات کارروائیاں اور تلاش و بچاؤ (سرچ اینڈ ریسکیو) جیسی عملی سرگرمیاں بھی انجام دی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں