50

وزیر داخلہ سندھ کی ہدایت پر گل پلازہ آتشزدگی کیس میں اہم پیشرفت، انکوائری کمیشن قائم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی ہدایت پر سانحہ گل پلازہ آتشزدگی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت تحقیقات کے لیے باضابطہ طور پر انکوائری کمیشن قائم کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس آغا فیصل کو سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ کمیشن گل پلازہ کی تعمیراتی منظوری، لیز کی قانونی حیثیت اور بلڈنگ پلان کی خلاف ورزیوں کی تفصیلی جانچ کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ انکوائری کمیشن عمارت میں ایمرجنسی انخلا کے راستوں میں رکاوٹوں، آگ بجھانے کے انتظامات اور فائر سیفٹی آڈٹ میں ممکنہ کوتاہیوں کا بھی جائزہ لے گا۔ اس کے علاوہ آگ لگنے کی وجوہات، واقعے کے دوران پیدا ہونے والے حالات اور ریسکیو آپریشن کی رفتار و مؤثریت کا بھی معائنہ کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ تحقیقات کے دوران غفلت کے مرتکب سرکاری افسران اور بلڈنگ مینجمنٹ کے خلاف ذمہ داری کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن آٹھ ہفتوں کے اندر اپنی جامع تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر کراچی کو انکوائری کمیشن کے لیے مکمل سیکرٹریٹ سپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ متاثرین گل پلازہ کی داد رسی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کرے گی اور سخت اقدامات و مؤثر تحقیقات کے ذریعے سانحے سے متعلق تمام حقائق کو منظر عام پر لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں