کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے یونین کمیٹی نمبر 02 میں واقع لیاقت آباد نرسری کا تفصیلی دورہ کیا اور عنقریب منعقد ہونے والے فلاور شو کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر فراز حسیب نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہریوں کو سرسبز و شاداب ماحول فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ فلاور شو نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ نئی نسل میں درخت لگانے اور ماحول سے محبت کا شعور بھی اجاگر کرے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ انتظامات اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہری اس خوبصورت تقریب سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔
ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی نے بتایا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے پردہ پارک یونین کمیٹی نمبر 04 میں 13، 14 اور 15 فروری کو شاندار فلاور شو کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس میں 25 سے 30 ہزار کے قریب مختلف اقسام کے خوبصورت اور دیدہ زیب پودے نمائش کے لیے رکھے جائیں گے، جو شہریوں کے لیے تفریح کے ساتھ ماحولیاتی آگاہی کا ذریعہ بھی بنیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر پرویز محمود شہید گرین بیلٹ پر تقریباً 4 سے 5 ہزار پودے لگائے جائیں گے تاکہ علاقے کے حسن میں اضافہ ہو اور شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
چیئرمین فراز حسیب نے ڈائریکٹر پارکس اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیاقت آباد کو مزید سرسبز بنانے کے لیے نئے منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے اور عوامی مقامات پر شجرکاری کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔


