63

تحریک عدم اعتماد دستخط کا سلسلہ جاری 100 سے زائد ارکان نے دستخط کردئیے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بلدیہ عظمی کراچی میں اپوزیشن و پارلیمانی لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ کی سربراہی میں جماعت اسلامی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ شب ادارنورحق میں منعقد ہوا،اجلاس میں امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نےخصوصی شرکت کی۔

اپوزیشن لیڈرنےدیگر جماعتوں اور ارکان سے رابطوں سے متعلق اراکین کونسل کو آگاہ کیا، جبکہ تحریک عدم اعتماد کہ حوالے سے تفصیلی مشاورت اورحکمت عملی زیر غور آئی۔ اس موقع پر تحریک عدم اعتماد پر دستخط کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ واضح رہے اس سے قبل اپوزیشن نے 29 خواتین ارکان کے دستخط حاصل کرلئے تھے، گزشتہ اجلاس میں یوسی چیئرمین کے دستخط کے بعد یہ تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیف الدین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ایوان میں موجود دیگر جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، اس سلسلے میں دیگر جماعتوں کی طرف سے بہت مثبت جواب ملا ہے اور اس بات پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ سندھ حکومت اور مئیر کراچی شہر میں کسی قسم کی بہتری لانے میں ناکام ہوگئے ہی، ہر شعبہ ذوال پزیر ہے جبکہ تمام اداروں میں کرپشن عروج پر ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ 4 روزہ دورے پر لاہور روانہ ہوگئے جہاں وہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے لئے ارکان کی کوئی حد متعین نہیں، جبکہ عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے محض سادہ اکثریت درکار ہے۔ ایکٹ کے مطابق تحریک کی کامیابی کی صورت میں مرتضی وہاب بطور میئر برطرف ہوجائیں گے جبکہ میئر کراچی کے لئے ازسرنو انتخاب ہوگا، اس انتخاب میں مرتضی وہاب حصہ نہیں لے سکیں گے، اس سے قبل اپوزیشن کے ذرائع نے عندیہ دیا تھا کہ فی الوقت ڈپٹی میئر کے خلاف تحریک عدم اعتماد زیر غور نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں