کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ماڑی پور ٹاؤن میں ایک زبردست ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس کی قیادت چیئرمین ہمایوں محمد خان، ٹاؤن وائس چیئرمین اصف کوثر اور میونسپل کمشنر جاوید قمر نے کی۔ ریلی میں عوام، علاقے کے معززین اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
ریلی کا آغاز نیٹی جیٹی پل سے ہوا اور اختتام گھاس بندر پر ہوا۔ اس دوران شرکا نے مسلسل “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “آزادی، آزادی” کے نعروں سے فضا کو گونجتا رکھا۔ ریلی کا مقصد بھارت کے غاصبانہ تسلط اور کشمیری عوام پر ریاستی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا اور کشمیری شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
ٹاؤن وائس چیئرمین اصف کوثر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اس ریلی کا مقصد کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و جبر کو دنیا کے سامنے لانا ہے، تاکہ سب کو معلوم ہو کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
ماڑی پور ٹاؤن کے چیئرمین ہمایوں محمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی انسانی تاریخ کی بے مثال تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیری مرد، عورتیں، بچے اور بزرگ اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں، لیکن ان کا حوصلہ آج بھی برقرار ہے۔ انہوں نے ملک کی قیادت سے اپیل کی کہ پچھلے سال کی طرح بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر کشمیر پر سے بھارت کے تسلط کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے۔
میونسپل کمشنر جاوید قمر نے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور یوم کشمیر منانے کا مقصد اقوام متحدہ کی توجہ کشمیری عوام پر جاری مظالم کی جانب مبذول کرانا ہے۔


