52

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یومِ یکجہتی کشمیر پر قوم کے نام پیغام

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں اور جدوجہد قابلِ سلام ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور سندھ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی سیاست کی بنیاد ہی کشمیر کاز سے جڑی ہوئی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بےنظیر بھٹو کے تاریخی کردار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور بھارتی مظالم کو بےنقاب کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کاز کو نئی سفارتی طاقت دی اور دنیا کو باور کرایا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر عالمی امن ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری آج بھی عالمی سطح پر کشمیری عوام کے مؤقف کے ترجمان ہیں اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت ملنا ان کا بنیادی حق ہے۔

سید مراد علی شاہ نے زور دیا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے اور کشمیر کی آزادی تک پاکستان کی آواز بلند رہے گی، جبکہ سندھ کے عوام کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں