کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)رکن صوبائی اسمبلی سندھ محمد عامر صدیقی نے کراچی میں ٹریفک کی ابتر صورتحال پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انہوں نے شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک بدانتظامی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خط میں ایم پی اے محمد عامر صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد ٹریفک کا نظام مزید بگڑ چکا ہے اور نفری کی شدید کمی کے باعث اسکول جانے والے بچے اور دفتری ملازمین گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ای چالان سسٹم صرف چند مخصوص مقامات تک محدود ہے، جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں غلط سمت ڈرائیونگ، اشاروں کی خلاف ورزی اور دیگر ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی معمول بن چکی ہے۔
ایم پی اے محمد عامر صدیقی نے خط میں کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ ریونیو فراہم کرنے والا شہر کراچی ٹریفک بدانتظامی کے باعث عملی طور پر مفلوج ہو چکا ہے، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ رمضان المبارک سے قبل اگر ٹریفک کے مسائل حل نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ ایم پی اے نے مطالبہ کیا کہ شہر میں اضافی ٹریفک نفری تعینات کی جائے اور مؤثر اقدامات کے ذریعے ٹریفک نظام کو بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


