تہران(ایچ آراین ڈبلیو)ترکیہ میں ایران امریکامذاکرات کاامکان ہے ایرانی صدر نے امریکا سے مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا۔حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صدر پزشکیان نے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے براہ راست مذاکرات کا حکم دیا۔
چند دنوں میں ترکیے میں امریکا کے ساتھ مذاکرات ہونے کا امکان ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی ٹی ویو کو انٹرویو میں کہا کہ امریکا سےجوہری معاہدے کی تجدید کیلئے پرامید ہوں، امریکا سے بات چیت مصالحت کار دوستوں کے ذریعے جاری ہے فوجی تصادم خطے میں تباہی کا باعث ہو گا ایران اپنے دفاع کیلئے تیار ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران امریکا کے ساتھ ایک ’’منصفانہ اور متوازن‘‘ معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے، دونوں ممالک ایک نازک مرحلے سے گزر رہے ہیں جو ان کے تعلقات کی مستقبل کی سمت متعین کر سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک منصفانہ اور متوازن معاہدہ، جس کا مقصد ایٹمی ہتھیاروں کی عدم موجودگی کو یقینی بنانا ہے، مختصر مدت میں حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس میں دونوں فریقوں کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا۔


