کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دو گھنٹے تک دورہ کیا اور امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کے پراسیس کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی اور امیگریشن پراسیس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے سعودی عرب جانے والے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات بھی چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے تصدیق کرائی۔
دورانِ معائنہ معلوم ہوا کہ بعض مسافر سوالات کے درست جواب دینے میں ناکام تھے اور ملازمت کے بارے میں صحیح معلومات فراہم نہیں کر سکے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے نامکمل دستاویزات کے حامل تین مسافروں کو روکنے والے ایف آئی اے کے اے ایس آئی عامر لاشاری کی حوصلہ افزائی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایسے باصلاحیت ایف آئی اے ملازمین ہمارا سرمایہ ہیں اور نامکمل یا بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ور بھکاریوں کو مسافروں کی آڑ میں سفر کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ درست دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی اور پاکستان کی عزت سب سے زیادہ عزیز ہے، جسے کسی صورت داغدار نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وقار کو بلند اور مسافروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی بھی موجود تھے۔


