61

سینئروزیرشرجیل انعام میمن کی جانب سےکراچی میں ٹرانسپورٹ اورٹریفک اصلاحات پر پیش رفت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی میں ساتویں سی پی اے ایشیا ریجنل کانفرنس کی قرارداد پیش کی، جسے اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ اس موقع پر وزیر نے کراچی میں ٹرانسپورٹ، ٹریفک اور عوامی سہولیات سے متعلق کئی اقدامات اور اصلاحات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ محکمہ صحت کے ایمبولینسز کو واضح ہدایات دی جاتی ہیں کہ کب سائرن بجانا اور لائٹس جلانی ہیں، تاکہ کسی بھی مریض کو بروقت ہسپتال پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بسوں کی خریداری جاری ہے اور حکومت سندھ نے مزید 500 بسوں کی منظوری دی ہے تاکہ ہر شہری کو آسان اور معیاری ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

کراچی میں ٹریفک سمارٹ سسٹم پر کام جاری ہے اور نئے سگنلز کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے۔ وزیر کے مطابق ماڈل کالونی، گلبرگ، طاہر ولاز، کمپریہینسو اسکول، ٹیپو سلطان روڈ، گرومندر، موچی موڑ، کامران چورنگی، منور چورنگی، اسٹیل ٹاؤن، ٹاؤن شپ کراسنگ اور مدارس چوک اسپارکو پر 12 نئے سگنلز قائم کیے گئے ہیں، کچھ آٹومیٹک اور کچھ مینیوئلی کنٹرولڈ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر وہیکل انسپیکشن کو کمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے، جس کے بعد 2025 میں مجموعی طور پر 56,200 گاڑیاں چالان ہوئیں اور 8 کروڑ 21 لاکھ 68 ہزار روپے جرمانے وصول کیے گئے۔ اب ہر گاڑی کا ریکارڈ آٹومیٹڈ ہے اور غیر فٹ گاڑیوں کو سڑک پر نہیں آنے دیا جاتا۔

شہر میں بس ٹرمینلز کو باہر منتقل کرنے کے ساتھ مفت شٹل سروس بھی فراہم کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو سہولت مل رہی ہے اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئی ہے۔ بسز اور ڈبل ڈیکرز میں خصوصی افراد کے لیے بھی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وزیر نے مزید بتایا کہ حکومت سندھ نے خواتین کے لیے پنک بس سروس، ای وی اسکوٹی اسکیم اور ڈرائیونگ لائسنس پروگرام شروع کیا ہے، جس کے تحت اب 15 ہزار خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا اور مستقبل میں مزید خواتین کو مفت ای وی اسکوٹی فراہم کی جائے گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں میگا پروجیکٹس اور انفراسٹرکچر کی ترقی جاری ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ نے شہر کی ترقی کے لیے 90 ارب روپے مختص کر رکھے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد شہر میں ٹرانسپورٹ، ٹریفک اور شہری سہولیات کے نظام کو بہتر بنانا اور عوام کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں