کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے شعبہ اطلاقی طبیعیات میں ممتاز ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر اظہر احمد انصاری کی علمی، تدریسی اور انتظامی خدمات کے اعتراف میں “پروفیسر ڈاکٹر اظہر احمد انصاری لیگیسی ایوارڈ برائے تعلیمی امتیاز” کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں شعبہ اطلاقی طبیعیات میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ایکسیلینس ایوارڈ کو پروفیسر ڈاکٹر اظہر احمد انصاری کے نام سے منسوب کرنا لائقِ تحسین اور قابلِ تقلید اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اظہر انصاری نہ صرف شعبہ اطلاقی طبیعیات بلکہ پوری جامعہ کراچی کے لیے ایک عظیم اور قابلِ فخر نام تھے جنہوں نے مختلف انتظامی و تدریسی ذمہ داریوں کے دوران نہایت مؤثر کردار ادا کیا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ معاشرے میں چند ہی ایسی شخصیات ہوتی ہیں جو یہ سمجھتی ہیں کہ صرف تعلیمی سرگرمیاں کافی نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں بھرپور کردار ادا کرنا ضروری ہے، اور ڈاکٹر اظہر انصاری انہی ممتاز افراد میں شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شناخت کی بنیاد کارکردگی ہوتی ہے، تاہم بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اکثر ترجیحات الٹ دی جاتی ہیں، اس کے باوجود ہمیں اپنے محسن اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹر اظہر انصاری ایک ممتاز محقق، عظیم استاد اور بصیرت افروز رہنما تھے، جنہوں نے نوجوان نسل میں علم منتقل کرنے اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر انچارج شعبہ اطلاقی طبیعیات ڈاکٹر ذیشان عالم نیئر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ لیگیسی ایوارڈ کا مقصد ہر سال نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ان کے مطابق بی ایس اطلاقی طبیعیات (مارننگ و ایوننگ پروگرامز) کے تمام پوزیشن ہولڈرز کو ایوارڈ آف اکیڈمک ایکسیلنس دیا جائے گا، جبکہ بی ایس اطلاقی طبیعیات (مارننگ پروگرام) میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 50 ہزار روپے نقد انعام بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ پروفیسر ڈاکٹر اظہر احمد انصاری کی دہائیوں پر محیط علمی و تدریسی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا ہے، جن کی علمی وراثت آج بھی طلبہ اور اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایوارڈ کا اجرا اطلاقی طبیعیات کے 1978 اور 1979 کے بیچز کے سابق طلبہ کی فراخدلانہ کاوشوں سے ممکن ہوا ہے، جو اپنی مادرِ علمی سے گہری وابستگی کا ثبوت ہے۔
تقریب میں فیکلٹی اراکین، سابق طلبہ، معزز مہمانان اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں شعبہ اطلاقی طبیعیات کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور نامور اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔


