کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سندھ پولیس کے شعبہ موٹر ٹرانسپوٹ (ایم ٹی) کے مختلف شعبوں کی اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں واقع موٹر ٹریننگ یونٹ کے مرکزی دفتر میں منعقد کی گئی، جہاں پولیس کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے آئی جی سندھ کو سلامی پیش کی گئی۔
تقریب میں ڈی آئی جیز، ایس پی ایچ پی، ٹی اینڈ ٹی، ٹریننگ، ساوتھ، ٹریفک کراچی، ایس ایس پی سٹی، اے آئی جی ایم ٹی، ٹیلی کام، ایس پی ہیڈکوارٹر گارڈن سمیت دیگر پولیس افسران اور مختلف گاڑی ساز کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی ذوالفقارعلی مہر اور اے آئی جی ایم ٹی سید سلمان حسین نے شرکاء کو شعبہ کی کارکردگی، فلیٹ کی تعداد اور درپیش چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے موٹر ٹریننگ یونٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مرمت و بحالی کے بعد قابل استعمال بنائی گئی گاڑیوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ “ہم نے یونٹ کے مختلف شعبوں کو اپ گریڈ اور ڈیجیٹلائز کیا ہے، یہ شعبہ سندھ پولیس کی مجموعی کارکردگی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ کچے کے آپریشنز میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی مرمت کے ساتھ دیگر اضلاع کو تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “معمول کی پولیسنگ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ماڈرن اور اسمارٹ پولیسنگ میں تبدیل ہورہی ہے۔ عوام کو کم وقت میں بہترین سہولت فراہم کرنے کے لیے اسمارٹ اور آلات سے لیس گاڑیوں کا ہونا اشد ضروری ہے۔”
آئی جی سندھ نے کہا کہ “بھاری گاڑیوں کے بجائے اسمارٹ اور جدید گاڑیوں کے ذریعے پولیسنگ کو فروغ دیا جانا چاہیے اور گاڑی ساز کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ پولیس کے تکنیکی عملے کی تربیت کے ساتھ ہر سال گاڑیوں کی اوورہالنگ اور انہیں قابل استعمال رکھنے کے لیے اپنی خدمات پیش کریں۔”


