41

سعودی حکومت کی رمضان 2026 کے لیے مساجد سے متعلق نئی ہدایات جاری

ریاض(ایچ آراین ڈبلیو)سعودی حکومت نے رمضان المبارک 2026 کے دوران مساجد کے اندر اور اطراف میں سرگرمیوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کا مقصد عبادت کے تقدس کو برقرار رکھنا، نمازیوں کی پرائیویسی کا تحفظ اور مساجد میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق مساجد میں ادا کی جانے والی نمازوں کی لائیو نشریات کسی بھی میڈیا یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سختی سے ممنوع ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عبادت کو تشہیر سے پاک رکھنا اور نمازیوں کی توجہ یکسو رکھنا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مساجد میں سیکیورٹی کے لیے کیمرے نصب کیے جا سکتے ہیں، تاہم نماز کے دوران نمازیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ عبادت گزاروں کی نجی زندگی کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

سعودی حکام نے مساجد کے اندر یا ان کے قریبی علاقوں میں بھیک مانگنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ایسی کسی سرگرمی کی فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔

حکام کے مطابق ان تمام اقدامات کا مقصد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مساجد کے ماحول کو پُرسکون، منظم اور روحانی رکھنا ہے تاکہ عبادت گزار بلا رکاوٹ اپنی عبادات ادا کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں