کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) شاہ فیصل ٹاؤن میں اچانک چھاپہ مار کر مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کارروائی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ضلع کورنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل احمد سہو کی سربراہی میں کی گئی، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسرور احمد کلہوڑو بطور انکوائری آفیسر ٹیم کا حصہ تھے۔
یہ چھاپہ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سندھ امتیاز ابڑو کے احکامات پر عمل میں لایا گیا، جس کے دوران پراپرٹی ٹیکس، ایجوکیشن، ڈائریکٹر لینڈ/ایل ٹی آر، ہیلتھ و سینیٹیشن، پارکس، بی اینڈ آر (روڈ کٹنگ)، ایم اینڈ ای، آڈٹ اور ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف شعبوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے فائل ورک، افسران و عملے کی حاضری اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران بعض شعبوں میں مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آنے پر متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کی گئی۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانا، بدعنوانی کا خاتمہ کرنا اور عوامی وسائل کے درست، قانونی اور مؤثر استعمال کو ممکن بنانا ہے۔ حاصل کیے گئے ریکارڈ کا تفصیلی تجزیہ کرنے کے بعد ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل احمد سہو نے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے اس نوعیت کے اچانک دورے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سندھ امتیاز ابڑو کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور جو بھی بدعنوانی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


