68

شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، جس میں شہر میں جاری مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں بالخصوص ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن بی آر ٹی ضمیر عباسی اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دیگر حکام نے شرکت کی۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے اجلاس کو کراچی میں مزید نئی ای وی بسز اور ای وی ٹیکسی متعارف کرانے کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیپا چورنگی کے قریب ریڈ لائن کے دونوں اطراف تعمیراتی کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔ جبکہ یلو لائن بی آر ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی نے آگاہ کیا کہ سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کو منہدم کرنے کا کام جاری ہے، جس کے بعد جلد تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کراچی کے اہم مقامات اور کاروباری مراکز کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے، اس لیے کسی بھی قسم کی تاخیر سے بچنے کے لیے فیلڈ لیول پر مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ جدید شہری ٹرانسپورٹ کے بغیر کسی بھی شہر کی ترقی ممکن نہیں، اور بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے پنک اسکوٹیز کے دوسرے مرحلے کو جلد شروع کرنے اور کراچی کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی پنک اسکوٹیز کی تقسیم کے پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں