کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)موسمِ سرما میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے صنعتی اور سی این جی سیکٹر کے لیے 48 گھنٹے کی گیس بندش کا اعلان کر دیا ہے۔
سوئی سدرن گیس انتظامیہ کے مطابق گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر گیس پریشر فراہم کرنے کے لیے صنعتی صارفین (بشمول کیپٹو پاور پلانٹس) اور تمام سی این جی اسٹیشنز (بشمول آر ایل این جی پر چلنے والے) کو ہفتہ 24 جنوری صبح 8 بجے سے پیر 26 جنوری صبح 8 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارہ اپنے صارفین کو بہتر گیس پریشر فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے، اسی لیے سرد موسم میں طلب بڑھنے پر یہ عارضی اقدام کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس جی سی نے گھریلو صارفین کو ہدایت کی ہے کہ گیس پریشر سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 1199 پر رابطہ کریں، جہاں مستعد عملہ شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حسبِ معمول گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس لوڈ مینیجمنٹ کے تحت روزانہ رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی بند رہے گی۔
سوئی سدرن گیس نے میڈیا اور عوام سے گزارش کی ہے کہ اس خبر کو درست تناظر میں پیش کیا جائے، کیونکہ ماضی میں اس طرح کے فیصلوں کو بعض عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر غلط انداز میں پیش کیا گیا جس سے صارفین میں بلاوجہ تشویش پیدا ہوئی۔


