حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشاد حسین کاظمی نے آکسیجن جنریشن پلانٹ جامشورو کا دورہ کیا اور وہاں جاری بحالی کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے کی موجودہ پیش رفت سے آگاہ کیا بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آکسیجن جنریشن پلانٹ گزشتہ دو سال سے بند پڑا تھا، تاہم موجودہ انتظامیہ کی مؤثر حکمتِ عملی اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں اسے ایک ماہ کے اندر فعال (اسٹارٹ) کر دیا جائے گا۔ پلانٹ کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں
میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشاد حسین کاظمی کو آگاہ کیا گیا کہ آکسیجن پلانٹ کے عملے کی تربیت کے لیے اسٹاف کے نام فائنل کیے جا رہے ہیں، جبکہ بجلی کی فراہمی کے لیے ٹرانسفارمر کا ڈیمانڈ نوٹ بھی حاصل کر لیا گیا ہے آکسیجن جنریشن پلانٹ کے فعال ہونے سے لیاقت یونیورسٹی ہسپتال جامشورو اور حیدرآباد کو آکسیجن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، جس سے ادارے کے مالی وسائل مستحکم ہوں گے اور مریضوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی


