**کراچی (ایچ آر این ڈبلیو):** ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) نے شہر کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے خطرناک گینگ وار کے 9 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق، یہ کارروائیاں پرانا گولیمار، پاک کالونی اور ناظم آباد کے علاقوں میں کی گئیں، جہاں سے ‘کاشف ڈاڈا گینگ’ اور ‘ریاست جدگال گینگ’ سے تعلق رکھنے والے 9 ملزمان ارسلان عرف مٹھو، لیاقت علی عرف کمانڈو، آشر، عیشان صفدر، رضوان عرف ٹینڈو، محمد احمد، نعمان، ندیم اور سجاد کو حراست میں لیا گیا۔
ملزمان کے قبضے سے 4 پستول بمعہ ایمونیشن، 8 کلو سے زائد چرس، کرسٹل اور آئس کے سینکڑوں ٹوکن، شراب کی بوتلیں، بھاری مقدار میں گٹکا و ماوا، 18 موبائل فونز اور 41 لاکھ 37 ہزار روپے سے زائد کی نقدی برآمد کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان ایک منظم نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو اسلحے کے زور پر ڈکیتی، منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ترجمان رینجرز نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں جن کے خلاف مختلف تھانوں میں پہلے ہی مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


