کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیوکراچی ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف نےنارتھ کراچی سیکٹرUC-12میں تین کمیونٹی کلسٹرز تاجی بابا کمیونٹی کلسٹر، ڈاکٹرسرفراز کمیونٹی کلسٹر اور فیض الحق کمیونٹی کلسٹرکا افتتاح کیا اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، مختلف یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین، کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ کمیونٹی کلسٹر منصوبہ عوام کو بنیادی سہولتیں ایک مربوط اور منظم نظام کے تحت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت مختلف محلوں کو یکجا کر کے ایک ایسا مربوط جھرمٹ تشکیل دیا گیا ہے جہاں سماجی خدمات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی، تاکہ شہریوں کو دربدر نہ ہونا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجی بابا، ڈاکٹر سرفراز اور فیض الحق کمیونٹی کلسٹرز کے قیام کا مقصد محلوں میں ترقیاتی کاموں کو بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ فروغ دینا اور بنیادی سہولتوں کو ایک مؤثر نظام کے تحت عوام تک پہنچانا ہے۔ چیئرمین محمد یوسف نے بتایا کہ سیکٹر 5C4 میں 1000گلیوں میںمنصوبے کے تحت اب تک 150 گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب کا کام جاری ہے، جبکہ سیوریج اور پینے کے پانی کی لائنوں کی ری کنڈیشننگ بھی مکمل کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور پارکس کی تعمیر بھی عمل میں لائی جا چکی ہے جلد آپ سیکٹر5C4کو ایک بدلا ہوا اور مثالی سیکٹر دیکھیں گے ہم اپنے کم ا ختیار میں بھی اختیار سے بڑھ کر عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں۔ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی مسلسل نااہلی کے باعث ہم اب تک نو کروڑ روپے اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج اور پانی کی لائنوں پر خرچ کر چکے ہیں تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ ہم نے کراچی کا پہلا واٹر پارک بنایا، اور یہ حقیقت ہے کہ جتنا ترقیاتی کام نیو کراچی ٹاؤن میں ہوا ہے، اتنا کسی دوسرے ٹاؤن میں نہیں ہوا۔ ہمارا عزم ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک ماڈل ٹاؤن بنایا جائے، اور ہم اسی مقصد کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی قیادت نے خلوصِ نیت کے ساتھ اور بلا تفریق عوام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہاہم نے جس جذبے کے تحت جماعت اسلامی کے علاقوں میں ترقیاتی کام کرائے، اسی جذبے کے ساتھ پیپلز پارٹی کی یوسیز میں بھی کام کیا، کیونکہ ہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے۔ ہم پارکس، سڑکیں، سیوریج نظام اور گلیوں کو پختہ کرنے جیسے بنیادی کاموں کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے بجائے ان کی دیکھ بھال میں بلدیاتی اداروں کا ساتھ دیں، تاکہ یہ سہولتیں دیرپا ثابت ہو سکیں۔تقریب کے اختتام پر شرکائ نے کمیونٹی کلسٹر منصوبے کو نیو کراچی ٹاؤن کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا-
54


