کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی آزاد خان نے ڈی آئی جی ایسٹ زون آفس کا دورہ کیا، جہاں ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے انہیں ایسٹ زون میں جرائم کی نوعیت، مجموعی کارکردگی اور جرائم کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران ضلع ایسٹ کے ایس ایس پیز، ایس ایس پیز انویسٹیگیشن اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ حکام نے جرائم کی حالیہ صورتحال، پولیس کی کارروائیوں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ایسٹ زون کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس افسران اور جوانوں کی کوششوں کو سراہا اور فرائض کی مزید مؤثر، پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ انجام دہی سے متعلق ضروری ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے زور دیا کہ جرائم کے سدباب، عوامی اعتماد کے فروغ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کریں۔


