کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) نیو کراچی ٹاؤن میں ایک ہزار گلیوں کو پختہ کرنے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نیو کراچی ٹاؤن کی مجموعی ترقی، بلدیاتی کارکردگی اور کراچی کو درپیش مسائل پر اظہارِ خیال کیا گیا۔تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبی، نائب امیر ضلع شمالی اکبر قریشی، جنرل سیکریٹری شکیل احمد، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، میونسپل کمشنر منور حسین ملاح، ٹاؤن افسران، یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ کراچی جماعت اسلامی منعم ظفر خان نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اسکولوں، پارکس، سڑکوں، نالوں اور دیگر ترقیاتی کام کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ نیت اور دیانت ہو تو ہر کام ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی کارکردگی مسلسل زوال کا شکار ہے، جس کے باعث کراچی کے عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔منعم ظفر خان نے کہا کہ 22 سال گزرنے کے باوجود کے-فور منصوبہ مکمل نہ ہونا سندھ حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا پیسہ کراچی پر خرچ نہیں کیا جا رہا، شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ جماعت اسلامی کے زیرِانتظام ٹاؤنز میں محدود اختیارات کے باوجود ترقیاتی کام نمایاں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر ان کا حق لے کر رہے گی اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ ٹاؤن کی ہر یونین کونسل اور ہر محلے میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ابتدا میں 600 گلیوں کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، تاہم زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ایک ہزار گلیوں تک وسعت دی گئی، جس کا آج باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیوریج اور پانی کی لائنیں واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ذمہ داری تھیں، مگر عوامی مفاد میں یہ کام ٹاؤن فنڈز سے مکمل کیے گئے تاکہ منصوبے دیرپا اور پائیدار ہوں۔محمد یوسف نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ملازمین کے واجبات کی مد میں 12 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں اور آج ٹاؤن پر کسی ملازم کا کوئی بقایاجات نہیںہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایک ہزار گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد بہت جلد 25 لاکھ اسکوائر فٹ سڑکوں کی کارپٹنگ کا بھی اعلان کیا جائے گا۔تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے عوامی ضرورت اور شفافیت کو مدنظر رکھ کر مکمل کیے جا رہے ہیں، اور شہری سہولتوں کی بہتری ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ ہر مرحلے پر سخت نگرانی کے ذریعے عوامی وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔


