کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے کلک (CLICK) کے تعاون سے تعمیر ہونے والی ٹاؤن آفس عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عمارت کے مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر بریفنگ حاصل کی۔
معائنے کے دوران وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، سینیئر ڈائریکٹر ایڈمن شمونہ صدف اور انجینئر فیصل صغیر بھی موجود تھے۔ متعلقہ افسران نے چیئرمین کو تعمیراتی مراحل اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ٹاؤن آفس عمارت عوامی خدمات کے بہتر انتظام کے لیے نہایت اہم منصوبہ ہے، اس لیے اس کی تکمیل میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے دفاتر کی تعمیر میں محکموں کی عملی ضروریات کو مدِنظر رکھنے پر بھی زور دیا تاکہ ملازمین اور سائلین دونوں کو سہولت میسر ہو سکے۔
محمد یوسف نے متعلقہ ادارے کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار کے ساتھ ساتھ منصوبے کی رفتار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عمارت جلد از جلد فعال ہو سکے۔
اس موقع پر سینیئر ڈائریکٹر ایڈمن شمونہ صدف نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے شفاف انداز میں اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے اس عمارت کو جلد مکمل کر کے ٹاؤن کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔


