کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری کے لیے کام کر رہی ہے اور صوبے میں کینسر سمیت مہنگے علاج مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے بریفنگ میں بتایا کہ پورے سندھ میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ سندھ میں عالمی معیار کی صحت کی سہولیات مفت دستیاب ہیں اور جناح اسپتال کو عالمی معیار کا بنایا گیا ہے۔ این آئی سی وی ڈی میں دل کے امراض کا علاج بھی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں این آئی سی وی ڈی طرز کے 11 اسپتال قائم کیے گئے، جہاں گزشتہ ایک سال میں 2.9 ملین مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کینسر کا مہنگا ترین علاج بھی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کے شعبے میں بھی ترقی کی گئی ہے، 2008 تک سندھ میں صرف 10 جامعات تھیں جو اب بڑھ کر 30 ہو چکی ہیں، اور طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب اور مستحق افراد کو مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔


