پپری پمپنگ اسٹیشن پر نئی پائپ لائن منصوبہ کامیابی سے مکمل

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پپری پمپنگ اسٹیشن پر نئی پائپ لائن منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق نئی نصب شدہ پائپ لائن کو اب مکمل طور پر شہر کے موجودہ پانی کے نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر پائپ لائن منصوبے پر چوبیس گھنٹے بلا تعطل کام جاری رہا۔ تکنیکی ٹیمیں اور آپریشنل اسٹاف اپ اور ڈاؤن اسٹریم دونوں مقامات پر مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہے جبکہ دیگر متعلقہ سرگرمیاں رات دیر تک جاری رہیں۔ اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان نے پپری پائپ لائن کو کراچی کے سب سے اہم آبی انفراسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل شہر کے پانی کی ترسیلی نظام کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پانی کی فراہمی میں واضح بہتری لائے گا اور شہریوں کے لیے مستحکم اور طویل المدتی پانی کی رسائی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ حکام نے اس منصوبے کو شہری سہولیات کو مضبوط بنانے اور بنیادی شہری خدمات کو بہتر کرنے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں