کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج، سیکٹر 11-I کا دورہ کیا اور کالج میں منعقدہ اسپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ بلدیاتی اسکول دوست محمد فیضی، سیکٹر 8 میں جاری تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انجینئر بی اینڈ آر فیصل صغیر اور انچارج روڈ کٹنگ نادر شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اسپورٹس گالا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں، خصوصاً کھیل، بچوں اور بچیوں کی ذہنی نشوونما اور جسمانی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیاں محدود ہوتی جا رہی ہیں، اور سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے اثرات نے نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی کو متاثر کیا ہے۔
چیئرمین نے کالج کی پرنسپل اور انتظامیہ کو اسپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ ایسے پروگرام ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں تاکہ طالبات کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے طالبات سے بھی کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی تجاویز نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کو فراہم کریں، اور انتظامیہ ہر ممکن تعاون اور حوصلہ افزائی کرے گی۔
بعد ازاں، محمد یوسف نے ٹاؤن افسران کے ہمراہ گورنمنٹ بلدیاتی اسکول دوست محمد فیضی، سیکٹر 8 میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ کام کو مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے۔


