کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کورنگی نمبر 4 میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار اسکول پرنسپل جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کے شوہر اور کمسن بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب 35 سالہ پرنسپل سمرین اپنے شوہر آصف اور 8 سالہ بیٹے کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اسکول جا رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق حادثے میں ملوث بس انتہائی خستہ حال، بغیر نمبر پلیٹ اور بظاہر 1978 ماڈل کی تھی۔ بس کی ٹکر سے سمرین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کے شوہر اور بیٹے کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تاہم پولیس نے بس کو تحویل میں لے لیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
ادھر شہر قائد میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ گزشتہ روز بھی مواچھ موڑ، سائٹ، شیر شاہ اور گزری پل کے مختلف مقامات پر ہونے والے حادثات میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
شہر میں پیش آنے والے ان پے در پے حادثات نے پرانی اور غیر فٹ گاڑیوں، ناقص نگرانی اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ شہریوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔


