کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے اشتراک سے یونیورسٹی مینجمنٹ کے لئے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کا آغاز سردار یاسین ملک پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر میں کیا گیا۔ اس پروگرام کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید عاصم علی ہیں۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی تھے، جبکہ ایچ ای سی کراچی کے ریجنل انچارج سلیمان احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈاکٹر سید عاصم علی نے معزز مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور جامعہ کراچی کو یہ تربیتی موقع فراہم کرنے پر این اے ایچ ای اور ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے یونیورسٹی منتظمین کے لیے مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیا اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں گورننس، قیادت اور انتظامی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے جامعہ کراچی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایچ ای سی اور ناہے کی ان کاوشوں کو سراہا جو معیاری تربیتی مواقع براہِ راست جامعات تک پہنچا رہی ہیں۔
سلیمان احمد نے اپنے خطاب میں سرکاری جامعات میں انتظامی کارکردگی اور قیادی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایچ ای سی کے وژن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایچ ای سی نے ملک بھر کی 69 جامعات سے 2,000 سے زائد فیکلٹی ممبران اور 50 سرکاری جامعات کے 1,397 انتظامی عملے کے افراد کو تربیت فراہم کی ہے۔ مستقبل کے روزگار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ تجزیاتی سوچ اس وقت سب سے زیادہ مطلوب مہارت ہے، جس کے بعد لچک، مطابقت پذیری، قیادت اور سماجی اثر و رسوخ اہم ہیں۔ انہوں نے جامعہ کراچی کے کردار کو بھی سراہا جو استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کی میزبانی میں موثر ثابت ہو رہا ہے۔
یہ تربیتی پروگرام این اے ایچ ای کی رہنمائی اور نگرانی میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد جامعہ کے انتظامی عملے، بشمول اسسٹنٹ رجسٹرارز، ڈپٹی کنٹرولرز امتحانات اور دیگر کلیدی انتظامی افسران کی انتظامی، پیشہ ورانہ اور مینجری صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
پانچ روزہ اس پروگرام میں ماہرین کی زیرِ قیادت سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں قیادت، مؤثر انتظام، ابلاغی مہارتیں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ادارہ جاتی بہتری جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔


