65

وفاقی وزیر صحت نے شہر کا پہلا ڈیجیٹل ہیلتھ سینٹر افتتاح کر دیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے فیڈرل گورنمنٹ ڈسپینسری سول ایوی ایشن میں شہر کے پہلے ڈیجیٹل ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کیا ہے، جہاں مریض جدید ٹیلی میڈیسن کے ذریعے علاج کروا سکیں گے۔ اس سہولت کے تحت بیرونِ ملک موجود ڈاکٹر لائیو ویڈیو کال کے ذریعے مریض کا معائنہ کر سکیں گے۔

سینٹر میں آنے والے مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی، خاص طور پر چھاتی، جگر اور پھیپھڑوں کے کینسر جیسے پیچیدہ امراض کے مریضوں کے لیے یہ سہولت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد اسپتالوں میں رش کم کرنا اور عوام کو گھر کے قریب معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں لوگ معمولی بیماری کے لیے بھی بڑے اسپتالوں کا رخ کرتے ہیں، جس سے نظام صحت پر غیر ضروری دباؤ پڑتا ہے، اس لیے حکومت بنیادی صحت کے مراکز کو مضبوط بنا رہی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ یہ کراچی کا پہلا ڈیجیٹل ہیلتھ سینٹر ہے اور مستقبل میں پورے ملک میں مزید ایسے سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ ہر شہری کو فوری اور معیاری علاج میسر ہو۔ انہوں نے بیماری سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن اور پرائمری کیئر پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک منصوبے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت چھاتی، جگر اور پھیپھڑوں کے کینسر کے 745 مریضوں کو 98 لاکھ روپے مالیت کی ادویات فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں