74

لاسی گوٹھ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل میں اہم انکشافات

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر قائد کے علاقے لاسی گوٹھ میں غیرت کے نام پر پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو قتل کر دیا گیا۔ سہراب گوٹھ تھانے میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں مقتولہ کے تین بھائی اور ایک کزن کو نامزد کیا گیا ہے۔

مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ مقتول نصر اللہ نے 2025 میں پسند کی شادی کی تھی، جس پر بھابھی کے گھر والے سخت ناراض تھے۔ واقعے کے دن مدعی بھی بھائی اور بھابھی کے گھر موجود تھا کہ اچانک بھابھی کا بھائی فدا حسین پستول لے کر اندر داخل ہوا۔ اس کے ساتھ منظور علی اور رزاق بھی پستول کے ساتھ داخل ہوئے جبکہ شمن علی نے چھری پکڑی ہوئی تھی۔

ملزمان نے وحشیانہ انداز میں بھائی اور بھابھی پر فائرنگ کی اور بعد میں چھریوں سے بھی وار کیے، جس کے نتیجے میں دونوں کے جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں لگی اور متعدد جگہیں زخمی ہوئیں۔

مدعی مقدمہ نے مزید بتایا کہ وہ خود بھاگ کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوا اور شور مچانے پر محلے والے جمع ہوگئے، تاہم ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں