70

کے پی کے وزیرِاعلیٰ کا سندھ کا دورہ عوامی رابطہ مہم کو مضبوط بنائے گا، فہیم خان

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر اور سابق رکنِ قومی اسمبلی فہیم خان نے خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے 9 جنوری کو سندھ کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ پارٹی کی جاری عوامی رابطہ اور اسٹریٹ موومنٹ کو مزید تقویت دے گا۔

جاری کردہ پریس ریلیز میں فہیم خان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود خیبرپختونخوا کی قیادت نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، جو دیگر صوبوں کے لیے ایک مثال ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف مبینہ حکومتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر آئینی اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مقبول سیاسی رہنما کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر عوام کی آواز دبانے کی کوشش ناکام ہوچکی ہے۔

فہیم خان نے پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کی گرفتاریوں، کریک ڈاؤن اور اظہارِ رائے پر پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی جبر اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو عوامی حمایت حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ “جب کوئی حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو جائے تو وہ طاقت کے استعمال کا سہارا لیتی ہے۔”

سابق رکنِ اسمبلی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام شہری کی قوتِ خرید ختم ہوچکی ہے، جبکہ حکومت اعداد و شمار میں ہیرا پھیری میں مصروف ہے۔ انہوں نے بیرونی قرضوں میں اضافے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آنے والی نسلوں پر بوجھ ڈالنے والی پالیسیاں قومی مفاد کے خلاف ہیں۔

فہیم خان نے مبینہ طور پر “فارم 47 کی دھاندلی” کے ذریعے قائم کی گئی حکومت کو مکمل طور پر نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے عوامی مینڈیٹ چرا کر اقتدار حاصل کیا اور معیشت اور عوامی ریلیف دونوں محاذوں پر بری طرح ناکام رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی، آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں