کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حقائق کے منافی، نفرت پر مبنی بیانات اور سوشل میڈیا کے سستے نعروں سے تاریخ نہیں بدلی جا سکتی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے مسائل سے پیپلز پارٹی نہ کبھی غافل رہی ہے اور نہ آج ہے۔ پانی، سیوریج، سڑکیں اور انفرااسٹرکچر جیسے بنیادی مسائل سابقہ نام نہاد شہری حکومتوں کی دہائیوں کی غفلت کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عملی اقدامات کے ذریعے عوام کے زخموں پر مرہم رکھ رہی ہے۔ کے فور، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، بس سروسز اور بڑے ترقیاتی منصوبے حکومت کی مسلسل کاوشوں کا ثبوت ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ وسائل کی منصفانہ تقسیم پر یقین رکھا ہے اور کراچی کا پیسہ کراچی پر لگایا جا رہا ہے۔ سندھ کے سرکاری اسپتال نہ صرف جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں بلکہ دیگر صوبوں کے لیے بھی مثال بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی مضبوطی، صوبائی خودمختاری اور عوامی فلاح کو مقدم رکھا ہے، اور سندھ کے باشعور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون ان کی خدمت کر رہا ہے اور کون محض بیانات کی سیاست کے ذریعے اپنی ناکامیاں چھپا رہا ہے۔


