68

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا ایف آئی اے سندھ کو خط، کاٹن ایکسچینج پر ای ٹی پی بی کا ملکیتی دعویٰ مسترد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کو ایک اہم خط لکھتے ہوئے ایونیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی) کی جانب سے کراچی کاٹن ایکسچینج پر ملکیتی دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

میئر کراچی کے مطابق ای ٹی پی بی اپنے دعوے کے حق میں کوئی بھی ٹھوس ثبوت یا مستند دستاویز پیش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ریونیو ریکارڈ کے مطابق یہ پراپرٹی 1936 میں باقاعدہ طور پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کو منتقل ہوئی تھی۔

مرتضیٰ وہاب نے وضاحت کی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس پراپرٹی کو بعد ازاں کراچی کاٹن ایکسچینج کو باقاعدہ لیز پر دیا تھا، اس لیے ای ٹی پی بی کا دعویٰ حقائق کے منافی اور غیر قانونی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ 2006 سے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کاٹن ایکسچینج کے درمیان زیرِ التوا ہے، جس کے باوجود وفاقی ادارے کی جانب سے بغیر حقائق کی تصدیق کے کارروائی کرنا غیر مناسب اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور میئر کراچی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ملکیتی اراضی کا تحفظ میرا آئینی و قانونی فرض ہے۔ کراچی کاٹن ایکسچینج ملک کی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس پر غیر قانونی کارروائی سے کاروباری طبقہ اور ہزاروں شہری متاثر ہوئے۔

میئر کراچی نے ایف آئی اے سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ حقائق کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس معاملے پر فوری نظرِ ثانی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں