بھارت(ایچ آراین ڈبلیو)بھارت کا آبی جارحیت کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ بھارتی حکام نے دریائے چناب میں اچانک پانی کا بڑا ریلہ چھوڑ کر پاکستان کے لیے سنگین صورتحال پیدا کر دی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 58 ہزار 300 کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جس سے مختلف اضلاع میں گندم کی کھڑی فصل متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے دانستہ طور پر ڈیم خالی کرکے پانی چھوڑا تاکہ پاکستان کی زرعی اراضی کو نقصان پہنچایا جاسکے۔
ماہرین کے مطابق پانی چھوڑنے کے بعد بھارت ایک بار پھر ڈیموں میں پانی بھرنے کا عمل شروع کرے گا، جس سے خدشہ ہے کہ دریائے چناب کا بہاؤ اچانک صفر تک گر سکتا ہے، جو گندم کی فصل کے لیے شدید نقصان دہ ہوگا۔
پاکستانی حکام نے بھارتی اقدام کو “آبی دہشت گردی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرز کے یکطرفہ اور معاندانہ اقدامات علاقائی ماحول اور زراعت دونوں کے لیے خطرناک ہیں۔


