83

پیٹرول کی مہنگائی کا دھماکا خیز اثر، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تازہ اضافے کے فوری بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے بھی مال برداری کے کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

حکومتی فیصلے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے جواب میں ٹرانسپورٹرز نے احتجاجی اقدامات کی دھمکی دیتے ہوئے کرایوں میں فوری اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اس فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “یہ اضافہ ہرگز قابل قبول نہیں۔ آئے دن ہونے والے یہ اضافے ہمارے کاروبار میں عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔ ہم مزید نقصانات برداشت نہیں کر سکتے۔”

انہوں نے متنبہ کیا کہ تمام ٹرانسپورٹ یونینز جلد ایک اہم فیصلہ کرنے جا رہی ہیں اور حکومت انہیں احتجاج پر مجبور کر رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق ٹرانسپورٹرز کا یہ فیصلہ شہری و دیہی علاقوں میں سامان کی ترسیل کو براہ راست متاثر کرے گا، جبکہ مہنگائی کے نئے دور کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس اقدام سے روزمرہ استعمال کی اشیاء سمیت تمام شعبوں پر براہ راست اثرات مرتب ہوں گے، جو عوام کے لیے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کا باعث بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں