لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ملک میں سونے کی قیمتوں نے اتار چڑھاؤ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پہلی بار فی تولہ 4 لاکھ روپے کی نفسیاتی حد عبور کر لی۔تفصیلات کے مطابق 24 قیراط سونا 5,900 روپے کے اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح 4,03,600 روپے فی تولہ پر پہुچ گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 5,058 روپے بڑھ کر 3,46,021 روپے ہو گئی۔
چاندی میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں 24 قیراط چاندی 88 روپے مہنگی ہو کر 4,792 روپے فی تولہ پر فروخت ہو رہی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے نے ریکارڈ توڑ دیا، جہاں فی اونس قیمت 59 ڈالر کا اضافہ ہو کر 3,818 ڈالر ہو گئی۔ یہ عالمی سطح پر سونے کی بلند ترین قیمت ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستانی مارکیٹ پر پڑا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سیاسی و اقتصادی عدم استحکام، مڈل ایسٹ میں تناؤ اور ڈالر کے مقابلے میں دیگر کرنسیوں کی کمزوری نے سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کا بہترین ذریعہ بنا دیا ہے، جس کی وجہ سے اس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔


