89

ایف آئی اے کے دو اہلکاروں کی ایماندارانہ کارروائی: اپنے ہی ملازمین کو گرفتار کرلیا

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے ہی دو اہلکاروں کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پاکر گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے اہلکاروں میں اے ایس آئی ارشد اور کانسٹیبل مجاہد شامل ہیں، جنہیں ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ مشتبہ حرکات پر ان کے موبائل فونز کی جانچ کی گئی تو انکشاف ہوا کہ یہ دونوں اہلکار امیگریشن عملے کے ساتھ ملی بھگت کرکے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے بھاری رشوت وصول کررہے تھے۔

تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان ازبکستان اور فلپائن جانے والے مسافروں سے فی کس 50 ہزار روپے وصول کرتے تھے۔ ان کے موبائل فونز سے لاکھوں روپے کے غیرقانونی لین دین اور مختلف ایجنٹوں کے ساتھ رابطوں کے ثبوت بھی ملے ہیں۔

ایف آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ “کرپشن اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ ادارے کے اندر احتساب کا عمل مزید سخت کیا جارہا ہے۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں