58

سی پیک فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز، بلوچستان کی معدنیات گوادر سے منسلک ہوں گی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)بیجنگ میں منعقدہ گیارہویں سی پیک اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرحلے میں بلوچستان کی معدنیات کو گوادر بندرگاہ سے منسلک کرنے کے لیے ایک خصوصی راہداری قائم کی جائے گی۔

احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک فیز ٹو حکومت سے حکومت کے بجائے بزنس ٹو بزنس ماڈل پر کام کرے گا، جس کے تحت چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس مرحلے میں عوامی ترقی اور نوجوانوں کی ہنر مندی کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے چین کی 50 بڑی یونیورسٹیوں میں اگلے دس سالوں میں 10,000 نوجوانوں کو نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں پی ایچ ڈی کے لیے بھیجنے کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی معیشت کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اجلاس میں شاہراہ قراقرم کے دوسرے مرحلے پر کام کی رفتار تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا، جبکہ پانچ راہداریوں پر مشتمل فریم ورک کے تحت برآمدات میں اضافہ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، سبز توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ وزیر نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو پاکستان کو 2035 تک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے ہدف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں