اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے طورخم بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے 5 افغان شہریوں کو جعلی دستاویزات کے استعمال پر پاکستان سے ڈیپورٹ کر دیا۔ ڈیپورٹ ہونے والوں میں چار مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، ڈیپورٹ کیے گئے افغان شہریوں میں فیصل، ہاشم عمر خیل، زرق حبیب اللہ، ولی اور موزلیفہ گجر شامل ہیں۔ موزلیفہ گجر، فیصل اور ہاشم عمر خیل نے اپنے ہم شکل افراد کے پاسپورٹ استعمال کرکے غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
واضح ہو کہ زرق حبیب اللہ کے پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن اسٹیمپ لگا ہوا تھا، جبکہ ولی کے پاس کوئی سفری دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ ایف آئی اے نے تمام افراد کو بارڈر کراسنگ کے قواعد کی خلاف ورزی پر فوری طور پر واپس افغانستان بھیج دیا۔
یہ کارروائی ایف آئی اے امیگریشن کے غیرقانونی امیگریشن کے خلاف سخت اقدامات کی عکاسی کرتی ہے۔


