اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم سیاحت 2025 کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت پائیدار ترقی کا بہترین ذریعہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے اس سال کے موضوع “سیاحت اور پائیدار تبدیلی” کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
صدر زرداری نے نشاندہی کی کہ ماحولیاتی تبدیلیاں، خاص طور پر گلیشئرز کا پگھلاؤ اور شدید موسمی واقعات، ملک کے سیاحتی ورثے کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور عدم برداشت پاکستان میں سیاحت کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے زور دیا کہ:
سیاحت سے مقامی معیشت کو فروغ دے کر خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے
حکومت سیاحت کے شعبے کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ کر رہی ہے
گرین سرٹیفکیشن، کمیونٹی بیسڈ ٹورازم اور ماحولیاتی سیاحت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے
صدر نے کہا کہ پاکستان اپنے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور روایتی مہمان نوازی کی بدولت عالمی سیاحت کے نقشے پر اہم مقام بنا سکتا ہے۔ انہوں نے نجی شعبے، سول سوسائٹی اور نوجوانوں سے سیاحت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔


