اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاک چین اقتصادی تعاون کے تحت ایک منفرد منصوبے پر کام تیز ہو گیا ہے، جہاں ایک چینی کمپنی پاکستان میں گدھوں کی افزائش نسل بڑھانے کے لیے 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
وزارت غذائی تحفظ کے ذرائع کے مطابق چینی کمپنی سنگ ینگ کی سرمایہ کاری سے ملک بھر میں 40 جدید فارم قائم کیے جائیں گے، جن کا ہدف سالانہ 80 ہزار گدھے تیار کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت پہلے 3 سے 5 سال تک افزائش کا عمل جاری رہے گا، جس کے بعد ہر ماہ 10 ہزار گدھوں کا گوشت چین برآمد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سائنسی بنیادوں پر منظم افزائش کے بعد پاکستان عالمی سپلائی چین کا اہم حصہ بن سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے زرعی یونیورسٹی پشاور میں گدھوں کی افزائش نسل کی جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔
یہ واضح کیا گیا ہے کہ گدھے کی ہڈیاں اور گوشت صرف برآمد کے لیے ہوں گے، جبکہ مقامی مارکیٹ میں فروخت پر پابندی ہوگی۔ یہ منصوبہ ملک میں مویشی پالنا کے شعبے میں ایک نیا اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔


