47

پنجاب حکومت کا اربوں روپے کے معاوضے کی براہ راست ادائیگی کا تاریخی فیصلہ

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب نقصانات کے جامع سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کمشنر پنجاب عامر کریم خاں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ موضع کی سطح پر مشترکہ سروے ٹیموں کے ذریعے انسانی جانوں، مکانات، فصلیں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ تیار کریں۔

سروے کے لیے اربن یونٹ کی اینڈرائڈ ایپلیکیشن استعمال کی جا رہی ہے، جبکہ جمع کیے گئے ڈیٹا کی تصدیق نادرا، PLRA اور دیگر متعلقہ ادارے کریں گے۔ کمشنر پنجاب کے مطابق اہل متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی بینک آف پنجاب کے ذریعے ڈسبرسمنٹ سینٹرز میں بائیومیٹرک تصدیق کے بعد فوری طور پر کی جائے گی۔

سروے میں فوج اور سول اداروں کی مشترکہ ٹیمیں شامل ہوں گی، جبکہ اضلاع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو) اور تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز فوکل پرسن مقرر کیے گئے ہیں۔ عامر کریم خاں نے زور دیا کہ سروے ایک ماہ کے اندر مکمل کرنا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کے ساتھ سخت نگرانی کی جائے گی۔

شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ڈیش بورڈ کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو ہر شکایت پر سات دنوں کے اندر فیصلہ کرے گی۔ یہ اقدام شفافیت اور تیز رفتار معاوضہ ادائیگی کی ضمانت دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں