بھارت(ایچ آراین ڈبلیو)مارکاپورم میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ پیش آیا، ایکسپریس ٹرین کو حادثاتی طور پر گرنے والے مسافر کو بچانے کے لیے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر تک ریورس سفر کرنا پڑ گیا۔ریلوے ملازمین اور ساتھی مسافروں کی انتھک محنت کے باوجود بدقسمتی سے ٹرین سے گرنے والے شخص کو بچایا نہیں جاسکا۔
ریلوے پولیس کے مطابق گرنے والا متاثرہ شخص کملا کانتی ہری بابو (35) اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ گنٹور میں کونڈاویڈو ایکسپریس میں سوار ہوا تھا، یہ چاروں گنٹور ضلع کے پونور منڈل کے برہمن کوڈور کے رہنے والے تھے اور کام کے لیے کرناٹک کے یلہنکا جارہے تھے۔
ہری بابو کھانا کھانے کے بعد واش بیسن کی طرف بڑھا۔ کچھ ہی دیر بعد وہ کمپارٹمنٹ کے دروازے کے پاس کھڑا ہوگیا، اچانک ٹرین نے ہچکولے لئے تو متاثرہ ہری بابو اپنا توازن کھو بیٹھا اور چلتی ٹرین سے گر گیا۔
کچھ مسافروں نے اسے گرتے دیکھا اور فوراً ساتھیوں کو اطلاع دی۔ تاہم اس وقت تک ٹرین تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر چکی تھی۔ انہوں نے فوری طور پر ایمرجنسی چین کھینچی اور ٹرین کو روک دیا گیا۔


