57

اسرائیل کا یمن کے دارالحکومت صنعاء پر حملہ، دو افراد شہید ہوگئے

یمن(ایچ آراین دبلیو)اسرائیل نے اتوار کے روز یمن کے دارالحکومت صنعاء پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد شہید ہوگئے۔تصاویر میں دکھایا گیا کہ ایک زوردار دھماکے کے بعد آسمان پر آگ کا ایک بڑا شعلہ اُبھرا اور فضا میں کثیف سیادہ دھواں پھیل گیا۔

حوثیوں کی وزارتِ صحت کے مطابق اس فضائی حملے میں ’ دو شہادتیں اور 35 افراد زخمی’ ہوئے۔ ایک حوثی سیکیورٹی ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ فضائی حملے کا نشانہ وسطی صنعاء میں ایک میونسپل عمارت تھی، جبکہ حوثیوں کے ٹی وی چینل المسیرہ نے کہا کہ شہر میں ایک تیل کمپنی کی تنصیب پر حملے میں دو شہادتیں ہوئیں۔چینل کے مطابق جنوبِی صنعاء کے ایک بجلی گھر پر بھی حملہ کیا گیا جسے گذشتہ اتوار کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے صنعاء میں حوثیوں کے فوجی مقامات کو نشانہ بنایا، جن میں صدارتی محل کے قریبی علاقے، دو پاور پلانٹس اور ایک ایندھن ذخیرہ کرنے کی سہولت شامل ہیں۔

فوج کے بیان میں کہا گیا کہ’ یہ حملے حوثی دہشت گرد حکومت کی جانب سے اسرائیل اور اس کے شہریوں پر بار بار کیے گئے حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ جمعے کو حوثیوں نے ایک میزائل فائر کیا تھا جس کے بارے میں اسرائیلی حکام نے کہا کہ وہ ’ شاید فضا میں ہی تباہ ہوگیا تھا۔’

اکتوبر 2023 سے حوثی باغی، اسرائیل پر بار بار میزائل اور ڈرون داغتے رہے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر حملے ناکام یا روک لیے گئے، لیکن ان حملوں کے جواب میں اسرائیل نے یمن میں حوثی ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں